کراچی،5؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)تنازعات میں گھرے پاکستانی کھلاڑی شرجیل خان اور خالد لطیف نے آج پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی )کو دیئے گئے تفصیلی جواب میں ڈسپلن شکنی کی بات تو قبول کی ، لیکن اسپاٹ فکسنگ سے انکار کیاہے ۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنے وکلاء کے ذریعے پی سی بی کی طرف سے ان کو بھیجے گئے وجہ بتاؤ نوٹس کا جواب بھیجا۔پی سی بی کے معتبر ذرائع نے میڈیا سے کہاکہ انہوں نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے دبئی میں ایک شخص سے ملاقات کی تھی جس کے بارے میں بعد میں پتہ چلا کہ وہ سٹے باز تھا۔انہوں نے یہ بھی قبول کیا کہ انہوں نے ٹیم انتظامیہ کو اپنی ملاقات اور انہیں ہوئی پیشکش کے بارے میں نہیں بتا کر نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی ۔دونوں نے حالانکہ پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات سے انکار کیاہے ۔